’اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لیں‘، ٹرمپ کی ایرانی عوام سے اپیل
28 فروری 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران میں ''بڑی عسکری کارروائیاں‘‘ شروع کر دی ہیں، یوں اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے حملوں میں واشنگٹن کی شمولیت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اٹھائیس فروری بروز ہفتہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا، ''ہمارا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے لاحق فوری خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے، وہ سفاک اور نہایت سخت لوگ ہیں۔‘‘
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکا نے تہران کو اس کے جوہری پروگرام کو محدود بنانے پر آمادہ کرنے کے لیے خطے میں اپنی فوجی موجودگی میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایران میں حالیہ مہینوں کے دوران وسیع احتجاجی مظاہروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن بھی جاری رہا۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل خبردار کر چکے تھے کہ اگر جوہری مسئلے پر کوئی سفارتی حل نہ نکلا تو فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ جنیوا میں ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان حالیہ بالواسطہ مذاکرات جمعرات کو بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے تھے۔
فوجی کارروائی کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ''وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتے۔‘‘یہ بیان ایسے وقت پر دیا گیا، جب اسرائیل پہلے ہی ایران پر پیشگی حملہ کرنے کا اعلان کر چکا تھا۔‘‘
صدر ٹرمپ نے ایران پر حملوں کو ''ایک عظیم مشن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ایران کے جوہری ہتھیاروں اور ایسے میزائل نظام کے حصول کی کوششوں کے باعث ضروری تھا، جو امریکا تک پہنچ سکتے ہیں۔
'اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لیں‘
ایران پر حملوں کے بعد آٹھ منٹ کے اپنے ویڈیو خطاب میں ٹرمپ نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد اپنی حکومت سنبھالنے کے لیے آزاد ہوں گے، جبکہ ایرانی سکیورٹی اداروں کو ہتھیار ڈالنے یا ''یقینی موت‘‘ کا سامنا کرنے کی تنبیہ کی۔
ٹرمپ نے کہا، ''پاسداران انقلاب، مسلح افواج اور تمام پولیس اہلکاروں سے میں آج رات کہتا ہوں کہ اپنے ہتھیار ڈال دیں اور مکمل استثنیٰ حاصل کریں، ورنہ یقینی موت کا سامنا کریں۔‘‘
انہوں نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ''ایران کے عظیم اور باوقار لوگو! آزادی کی گھڑی آ پہنچی ہے۔ گھروں میں رہیں، باہر نہ نکلیں۔ باہر انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ ہر جگہ بم گر رہے ہوں گے۔‘‘
ٹرمپ نے مزید کہا، ''جب ہم اپنا کام مکمل کر لیں، تو اپنی حکومت سنبھال لیں۔ یہ آپ کے لیے ہو گی۔ ممکن ہے نسلوں تک یہ آپ کے لیے واحد موقع ہو۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا ''زبردست طاقت اور تباہ کن قوت‘‘ کے ساتھ ایرانی عوام کی حمایت کر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ ''اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لیں۔‘‘
اسرائیلی وزیر اعظم نے کیا کہا؟
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران کے خلاف ''وجودی خطرے کے خاتمے‘‘ کے لیے ایک کارروائی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
ویڈیو بیان میں نیتن یاہو کا کہنا تھا، '' کچھ ہی دیر قبل اسرائیل اور امریکا نے ایران میں دہشت گرد حکومت کی جانب سے لاحق وجودی خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک کارروائی کا آغاز کیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ''ہماری مشترکہ کارروائی بہادر ایرانی عوام کو اپنا مستقبل اپنے ہاتھ میں لینے کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ایران کے تمام لوگ جبر کی زنجیروں کو توڑ دیں اور ایک آزاد اور امن پسند ایران کے قیام کو یقینی بنائیں۔‘‘
ادارت: عاطف بلوچ، عدنان اسحاق