سال نو پر برلن میں ہنگامہ کرنے والے متعدد افراد گرفتار
1 جنوری 2024
برلن پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس افسران پر آتش بازی پھینکی گئی اور انہیں آتش گیر رقیق والے مولٹوو کاکٹیل کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ جرمن دارالحکومت میں نئے سال کی تقریبات کے دوران دو سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گزشتہ سال ان تقریبات کے دوران برلن میں ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے مدنظر امسال 4500 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ کم از کم 250 افراد کو مختلف الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے جب کہ تقریباً پندرہ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
جرمنی میں نئے سال کی آمد پر آتش بازی پر پابندی کا مطالبہ
سال نو کی تقریبات پر امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کے لیے دارالحکومت اور دیگر ریاستوں سے ساڑھے چار ہزار سے زائد پولیس افسران کو تعینات کیا گیا تھا۔
ایک دیگر واقعے میں کولون میں شہر کے مشہور کیتھیڈرل پر حملہ کرنے کی سازش کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
نئے سال کے موقع پر گرفتاریاں کیوں ہوئیں؟
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پورے شہر میں افسران، فائر بریگیڈ کے اہلکاروں اور دیگر کو آتش بازیوں کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا۔
ان میں سے ایک واقعہ الیگزنڈر پلاٹز کے قریب پیش آیا، جہاں پانچ سو کے قریب افراد نے ایک دوسرے پر پٹاخے پھینکے۔ اس کے بعد پولیس نے تاریخی نیپچون فاونٹین پر ایک گروپ کو منشتر کردیا، جہاں دو سو افراد پر مشتمل گروپ نے پولیس پر پٹاخے داغے۔ پولیس نے اس علاقے میں کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔
نیوکولون میں مولٹووکاک ٹیل بنانے کی کوشش کرنے والے متعدد لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مولٹوو کاک ٹیل ضبط کرلیے۔
جرمن چانسلر نے سال نو کے موقع پر اپنے خطاب میں اتحاد پر زور دیا ہے
گزشتہ سال برلن نئے سال کے موقع پر بدامنی کا ایک بڑا مرکز بن گیا تھا۔ جب کہ جرمنی بھر میں پولیس افسران اور امدادی کارکنوں پر حملے بھی ہوئے تھے۔
فرینک فرٹ اور ہیمبرگ میں جشن پرامن
دریں اثنا پولیس کے مطابق مرکزی ریاست ہیسے کے فرینک فرٹ میں نئے سال کی تقریبات بڑی حد تک پرامن رہیں۔
تاہم ہجوم پر پٹاخے اور راکٹ چھوڑے گئے اور پولیس نے شروع میں متعدد لوگوں کو گرفتار کیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو ان کے شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
شہر میں فائر بریگیڈ تعینات نہیں کیے گئے تھے۔
جرمنی دنیا کی غیر مستحکم صورتحال اور عالمی چیلنجز کا مقابلہ کر لے گا، چانسلر شُولس
شمالی ریاست ہیمبرگ میں تقریباً آٹھ ہزار سیاحوں سمیت دسیوں ہزار افراد نے سال نوکی تقریبات میں شرکت کی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان تقریبات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
فائربریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ نصف شب کے کچھ دیر بعد ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ تاہم اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ج ا/ ص ز (صائم عنایت اللہ)
(اس رپورٹ کی تیاری میں جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کی مدد لی گئی ہے)