شاہ رخ خان کے لیے اعلیٰ ترین فرانسیسی شہری اعزاز
3 جولائی 2014
شاہ رخ خان کو یہ ایوارڈ فرانس کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر ثقافتی تنوع میں غیر معمولی حصہ ڈالنے پر دیا گیا۔ 48 سالہ شاہ رخ خان گزشتہ کئی برسوں سے بالی وڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے کئی شاہکار فلموں میں کام کیا۔
اس ایوارڈ کے لیے بھارتی شہر ممبئی کے مشہور تاج محل ہوٹل میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فابیوس کا کہنا تھا کہ فرانسیسی عوام شاہ رخ خان کی ’صلاحیتوں اور اداکاری‘ کو تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں شاہ رخ خان کے بے شمار مداح ہیں اور خان عالمی سطح پر ثقافتی اور تاریخی تفریق میں کمی کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے جڑے افراد کی زندگیوں کو اپنی فلموں میں سمو کر امر کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا، ’’میں انتہائی عزت افزائی محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے اس محترم ایوارڈ سے نوازا گیا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’آج میری والدہ کی سالگرہ ہے اور اگر آج وہ زندہ ہوتیں تو انہیں انتہائی خوشی ہوتی کہ مجھے اس قدر اعلیٰ ایوارڈ ملا ہے۔‘‘
شاہ رخ خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ صرف ایک فرد یا اداکار کے طور پر ذاتی حیثیت کی بجائے سینکڑوں فلم سازوں کی جگہ یہ ایواڈ وصول کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان نے کہا، ’’یہ بات میرے لیے ہمیشہ فخر کا باعث ہوتی ہے کہ مجھے اس شعبے میں تسلیم کیا جاتا ہے، جو میرا جنون ہے۔ اس ایوارڈ سے مجھے مزید توانائی ملی ہے کہ میں بھارتی سینما کی عالمی سطح پر قبولیت، محبت اور مقبولیت کے لیے مزید کام کروں اور اپنا حصہ بھرپور انداز سے ڈالوں۔‘‘
شاہ رخ خان امیتابھ بچن کے بعد دوسری بالی وڈ شخصیت ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سن 1992ء میں فلم دیوانہ سے کیا تھا۔ اس سے قبل وہ اسی کی دہائی کے آخر میں متعدد ٹی وی سیریز اور تھیٹر ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئے۔
شاہ رخ خان کی زیادہ قابل ذکر فلموں میں ڈر، بازی گر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کل ہو نہ ہو، دل تو پاگل ہے، کبھی خوشی کبھی غم، دیوداس، چَک دے انڈیا، مائی نیم از خان اور چنئی ایکسپریس جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔ سن 2005ء میں شاہ رخ خان کو پَدما شری ایوارڈ بھی دیا گیا تھا جب کہ بین الاقوامی سینما میں ان کی خدمات کے اعتراف میں فرانسیسی حکومت نے انہیں سن 2007 میں Ordre des Arts et des Lettres بھی دیا تھا۔
سن 2007ء ہی میں شاہ رخ خان نے ٹی وی میزبان کے طور پر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ کرکٹ کی انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کے شریک مالک بھی ہیں۔