فیکٹ چیک: کیا ورلڈ کپ میچ میں ہٹلر سے مشابہ شخص موجود تھا؟
16 جون 2026
جرمنی کی کوراساؤ کے خلاف 7-1 کے فرق سے بڑی فتح کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں ایک شخص جرمن ٹیم کی شرٹ پہنے، جرمن پرچم تھامے اور اڈولف ہٹلر جیسی شکل و صورت کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود دکھائی دیتا ہے۔ اس تصویر کو مختلف پلیٹ فارمز پر لاکھوں مرتبہ دیکھا اور شیئر کیا گیا۔
اس وائرل تصویر بظاہر میچ کی ٹی وی نشریات کا ایک اسکرین شاٹ معلوم ہوتی ہے، جس پر پہلے ہاف کے اضافی وقت کا ٹائم کوڈ بھی موجود ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب جرمن کھلاڑی کائی ہاورٹز کے پنلٹی گول کے بعد شائقین خوشی منا رہے تھے۔ لیکن حقیقت میں یہ تصویر اصلی نہیں۔
ڈی ڈبلیو اس نتیجے پر کیسے پہنچا؟
یہ منظر اس وقت کا ہے جب جرمنی کے کھلاڑی کائی ہاورٹز نے پنلٹی پر گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 3-1 کر دی تھی، جس کے بعد اسٹیڈیم میں موجود شائقین خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔
تاہم میچ کی اصل ٹی وی نشریات کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ ہاورٹز کے گول کے بعد جشن منانے والے شائقین کا یہی گروپ گو کہ اسکرین پر نظر آتا ہے، تاہم ایک اہم فرق کے ساتھ ۔ فرق یہ کہ وائرل ہو جانے والی تصویر میں دکھایا گیا مبینہ طور پر ''ہٹلر سے مشابہ‘‘ شخص اصل فوٹیج میں کہیں بھی موجود نہیں ہے۔
اس کی جگہ ایک سفید بالوں والا شخص نظر آتا ہے، جس کی شکل اڈولف ہٹلر سے کسی بھی طور مماثلت نہیں رکھتی۔
مزید برآں فیفا ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں کی مرکزی نشریات تمام براڈکاسٹرز کو ایک ہی عالمی فیڈ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، اس لیے مختلف چینلز پر بنیادی مناظر ایک جیسے ہوتے ہیں۔
فوٹو ایجنسیوں کی تصاویر بھی اس دعوے کی تردید کرتی ہیں۔ میچ کی کوریج کرنے والی برلن میں قائم فوٹو ایجنسی امیگو سمیت دیگر اداروں کی تصاویر میں بھی اسی گروپ کے شائقین کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے، لیکن ان میں کہیں بھی ''ہٹلر سے مشابہ‘‘ مبینہ شخص تو موجود ہی نہیں۔
کیا تصویر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی؟
اس تصویر کی جانچ کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی مختلف ٹولز استعمال کیے گئے۔ اوپن اے آئی کے تجزیاتی نظام نے اس تصویر میں SynthID واٹر مارک کی موجودگی کی نشاندہی کی، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ اس تصویر کو اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیق یا تبدیل کیا گیا۔
اسی طرح گوگل کے جیمینائی ٹول نے بھی اگرچہ یہ نہیں بتایا کہ گوگل کے اے آئی سسٹمز استعمال ہوئے، تاہم اس نے واضح کیا کہ بصری تجزیے اور سیاق و سباق سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس تصویر میں ڈیجیٹل رد و بدل کیا گیا ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک نے بھی اس تصویر کو 'کلاسک جعلی تصویر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں 2026 کے ورلڈ کپ کے ہجوم میں اڈولف ہٹلر کی شبیہ ڈیجیٹل طریقے سے شامل کی گئی۔
ماہرین کا موقف
حقائق جانچنے والے ماہرین کے مطابق اگر واقعی کسی ورلڈ کپ میچ کے دوران اڈولف ہٹلر سے مشابہ کوئی شخص نمایاں انداز میں موجود ہوتا، تو یہ فوری طور پر ایک بڑا تنازعہ یا کم از کم واقعہ بن جاتا، جس کی طرف براڈکاسٹرز، اسٹیڈیم حکام اور دیگر شائقین کی توجہ ضرور جاتی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ورلڈ کپ کے دوران مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار یا تبدیل کی گئی گمراہ کن تصاویر اور جھوٹی معلومات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک اور مثال ہے۔
ادارت: مقبول ملک