ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں قبرستان سے 56 لاشوں کی دریافت
19 اپریل 2026
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں پولیس نے ہفتے کے روز ایک قبرستان سے کم از کم 50 شیر خوار بچوں اور چھ بالغ افراد کی باقیات دریافت کیں۔
پولیس کے مطابق یہ لاشیں جزیرۂ ٹرینیڈاڈ کے علاقے کوموتو میں واقع ایک قبرستان سے ملی ہیں ، جو دارالحکومت پورٹ آف اسپین سے تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) مشرق میں واقع ہے۔
لاشوں کی دریافت پر پولیس نے کیا کہا؟
اپنے بیان میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو پولیس سروس (TTPS) نے کہا کہ یہ معاملہ ممکنہ طور پر ''لاوارث لاشوں کو غیر قانونی طور پر ٹھکانے لگانے‘‘
سے متعلق ہو سکتا ہے۔
TTPS کے مطابق بالغ لاشوں میں چار مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے پانچ بالغ لاشوں کے پاؤں میں وہی شناختی ٹیگز لگے ہوئے تھے جو عام طور پر مردہ خانوں میں لاشوں پر لگائے جاتے ہیں۔
ان میں سے دو لاشیں (ایک مرد اور ایک خاتون کی) ایسی تھیں جن پر اس بات کے شواہد ملے کہ ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا چکا تھا۔
پولیس نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ آیا کسی لاش کی شناخت ہو سکی ہے یا نہیں۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا، ''یہ ایک جاری اور ارتقائی تفتیش ہے، اور باقیات کی شناخت اور قانون یا ضابطوں کی کسی ممکنہ خلاف ورزی کا تعین کرنے کے لیے مزید فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔‘‘
الیسٹر گیوارو نے اس ہولناک دریافت کو "انتہائی تشویشناک” قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ''ہر لاش کے ساتھ وقار اور قانونی طریقے کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔ جو بھی فرد یا ادارہ اس ذمہ داری کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، اسے مکمل طور پر جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اس معاملے کو ''فوری توجہ، حساسیت اور سچ سامنے لانے کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ‘‘ دیکھ رہی ہے۔
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں پُرتشدد جرائم میں اضافہ
انگریزی بولنے والے کیریبیئن ملک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں، جو دو جزیروں پر مشتمل ہے اور وینزویلا کے ساحل سے تقریباً 10 کلومیٹر (6 میل) کے فاصلے پر واقع ہے، حالیہ برسوں میں گینگ تشدد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایک کروڑ پچاس لاکھ آبادی والے اس ملک میں سال 2024 کے دوران 623 قتل ریکارڈ کیے گئے۔
ادارت: افسر اعوان