1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کو قائدانہ فوجی کردار قبول کرنا چاہئے، جرمن وزیر دفاع

13 ستمبر 2022

جرمن وزیر دفاع کرسٹینا لامبریشٹ کا کہنا ہے کہ جرمنی خواہ چاہے یا نہ چاہے، اسے بہر حال قائدا نہ فوجی کردار ادا کرنا چاہئے۔ اور جرمنی کو ایسا کرنے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4Gl7w
Deutschland Symbolbild Bundeswehr
تصویر: Mohssen Assanimoghaddam/dpa/picture alliance

جرمن وزیر دفاع لامبرشیٹ نے پیر کے روز کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ جرمنی فوجی میدان سمیت عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرنے کا پابند ہے اور ملک کو اس ذمہ داری کو قبول کرنے سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے برلن میں ایک سکیورٹی کانفرنس میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہا، "جرمنی کا حجم، اس کی جغرافیائی صورت حال، اس کی اقتصادی حالت، مختصراً اس کا دبدبہ، ہمیں ایک اہم طاقت بناتی ہے، اور فوجی طور پر بھی، خواہ ہم ایسا بننا چاہیں یا نہ چاہیں۔"

ان کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب یورپ یوکرین پر روس کے حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ اور جرمنی اپنی سکیورٹی کے لیے واشنگٹن پر کئی دہائیوں سے بڑے انحصار کے بعد اپنی دفاعی حکمت عملی پر نظر ثانی کر رہا ہے۔

یوکرین میں فوجی مداخلت خارج از امکان: جرمنی اور نیٹو کا موقف

’دوسری عالمی جنگ کے بعد کے سب سے بڑے سانحے کا خطرہ‘

جرمن وزیر دفاع نے کہا، "یوکرین کی جنگ نے سب کو، یہاں تک کہ ہم جرمنوں کو بھی، جو امن کے عادی ہیں، یہ دکھا دیا ہے کہ جب بھی کوئی دشمن حملے، تباہی، قتل، جبری نقل مکانی کو استعمال کرنے کا عزم کرتا ہے تو ریاستوں کو اپنے مفادات کے لیے آخری حربے کے طور پر مسلح افواج کی ضرورت ہوتی ہے۔"

جرمن وزیر دفاع لامبرشیٹ نے کہا کہ جرمنی فوجی میدان سمیت عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرنے کا پابند ہے
جرمن وزیر دفاع لامبرشیٹ نے کہا کہ جرمنی فوجی میدان سمیت عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرنے کا پابند ہے تصویر: Thilo Schmuelgen/REUTERS

لامبریشٹ نے اور کیا کہا؟

لامبریشٹ نے کہا کہ جرمنی کو اپنے فوجی کردار کو پورا کرنے کے لیے اپنی مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) کی دو فیصد سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، جیسا کہ نیٹو نے بھی مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی کو نیٹو کے اخراجات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے، حتی کہ اس سال فوج کے لیے 100بلین یورو کے خصوصی فنڈ کے استعمال پر اتفاق کیا گیا تھا۔

وزیر دفاع نے کہا، "ہماری جی ڈی پی کا دو فیصد ہماری سکیورٹی کے لیے... ہمیں یہ کسی 'اگر یا مگر' کے بغیر چاہئے، اور ہمیں اس کی طویل مدت کے لیے ضرورت ہے تاکہ ہم 100بلین یورو کے ساتھ جو اقدامات کررہے ہیں وہ رائیگاں نہ جائے۔"

جرمنی میں امریکہ کی میزبانی میں یوکرین دفاعی مذاکرات

یوکرین کے لیے بھاری ہتھیار: کونسے ممالک کس طرح کا اسلحہ فراہم کر رہے ہیں؟

انہوں نے کہا،"ہمیں ایک ایسی صورت حال کو روکنا ہوگا جہاں چند برسوں بعد ہم ان فوجی آلات کی دیکھ بھال کے متحمل نہیں ہوسکتے، جو ہم ابھی خریدر ہے ہیں۔"  انہوں نے مزید کہا،"جرمنی یہ کرسکتا ہے اور جرمنی کو اس نئے کردار سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔"

جرمن وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ملکی  جی ڈی پی کا دو فیصد ہماری سکیورٹی کے لیے ہونا چاہیے
جرمن وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ملکی جی ڈی پی کا دو فیصد ہماری سکیورٹی کے لیے ہونا چاہیےتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

جرمنی 'امریکہ کا بوجھ اتارپھینکے کے لیے تیار'

جرمن وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ یورپ کو سلامتی کی ضمانت اب بھی اس کے سب سے اہم اتحادی امریکہ کے ذریعہ حاصل ہے۔ لیکن "اس اتحادی کو مجبور کیا گیا ہے کہ وہ اپنی توجہ کا بنیادی مرکز بحرالکاہل خطے میں سکیورٹی پر مرکوز کردے۔"اس کا مطلب یہ ہے کہ اب یورپ، اور سب سے بڑھ کر جرمنی کو زیادہ اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

جرمنی نے رواں سال ريکارڈ ماليت کا اسلحہ فروخت کيا

لامبرشیٹ نے کہا،"جرمنی یورپ میں امریکہ کا بوجھ اتار پھینکنے کے لیے تیار ہے اور اس طرح بوجھ کو منصفانہ طور پر بانٹنے کے لیے فیصلہ کن تعاون دینا چاہتا ہے۔"

یوکرین کے تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے لامبرشیٹ نے کییف کے فوجیوں کی مدد کے لیے اہم جنگی ٹینک بھیجنے کے مطالبات کو ایک بار پھر مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا،"کسی بھی ملک نے اب تک مغربی ساختہ انفنٹری جنگی گاڑیاں یا اہم جنگی ٹینک فراہم نہیں کیے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا،"ہم نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ اس پر اتفاق کیا ہے کہ جرمنی یک طرفہ طور پر ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔"

خیال رہے کہ جرمنی کی اتحادی حکومت کے کئی قانون سازوں نے برلن سے یوکرین کو مزید بھاری ہتھیار بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ روسی افواج کے خلاف جاری جوابی کارروائی کی کامیابیوں کی اطلاعات ہیں۔

ج ا / ص ز (روئٹرز، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں