ایران کا سعودی عرب کے جبیل پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ
7 اپریل 2026
جبیل ایک وسیع صنعتی شہر ہے جہاں سرکاری تیل کمپنی سعودی ارامکو اور اس کی پیٹروکیمیکل ذیلی کمپنی سابک کے ساتھ ہی بڑی مغربی توانائی کمپنیوں کے اہم مشترکہ پلانٹس بھی موجود ہیں۔
پاسداران انقلاب اسلامی نے منگل سات اپریل کو کہا کہ یہ حملے ایران کے عسلویہ میں واقع پیٹروکیمیکل پلانٹس پر مبینہ دھماکوں کے جواب میں کیے گئے۔ عسلویہ میں رات بھر کئی دھماکے ہونے کی اطلاعات تھیں۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ سعودی عرب میں کون سی مخصوص تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم روئٹرز کی تصدیق شدہ ویڈیو میں جبیل کی سمت سے دھوئیں اور شعلے اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔
جعیمہ میں بھی حملہ
ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے درمیانی فاصلے کے میزائلوں اور متعدد خودکش ڈرونز کے ذریعے سدرہ کمپلکس کو نشانہ بنایا، جو امریکی کیمیکلز کمپنی ڈاؤ اور سعودی ارامکو کے درمیان قائم 20 ارب ڈالر کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ یہ کمپلیکس گزشتہ ہفتے بند کر دیا گیا تھا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جبیل میں دیگر تنصیبات، جن میں ایک ExxonMobil سے متعلق پلانٹ بھی شامل ہے، کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ انہوں نے قریبی علاقے جعیمہ میں ایک پیٹروکیمیکل تنصیب پر بھی حملہ کیا۔ یہ پلانٹ شیورون فلپ کیمیکلز کی ملکیت ہے۔
اس سے پہلے سعودی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مشرقی علاقے کی طرف داغے گئے سات بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے۔ وزارت کے مطابق تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ توانائی کی تنصیبات کے قریب گرا۔
سعودی وزارت دفاع کا بیان
سعودی ارامکو نے جبیل اور جعیمہ میں حملوں کی خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ سعودی حکومت کے کمیونیکیشن آفس اور سابک نے بھی روئٹرز کے سوالات کا فوری طور پر کوئی جواب نہ دیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اسے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر اندر آبنائے ہرمز کو کھولنے پر رضامند نہ ہوا، تو اس کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری کی جا سکتی ہے، جو اس جنگ میں اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔
ایران پہلے ہی خبردار کر چکا ہے کہ وہ خلیج میں اسی نوعیت کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک میں اہداف کو نشانہ بنانے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی تیل کی ترسیل کو، جو دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی سپلائی کا راستہ ہے، روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ادارت: مقبول ملک