1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
قانون کی بالادستیپاکستان

پنجاب نے تحریک لبیک پر پابندی کے لیے سمری وفاق کو بھجوا دی

مقبول ملک خبر رساں ادارے، مقامی میڈیا
17 اکتوبر 2025

پاکستانی صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے مذہبی سیاسی تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگا دینے کی منظوری کے ساتھ ایک سمری مرکز میں وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/52CAF
ٹی ایل پی کے مظاہرین کے خلاف پولیس آپریشن کے بعد کی ایک تصویر
ریلی کے شرکاء نے بدامنی کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو نقصان بھی پہنچایا تھاتصویر: Arif Ali/AFP

یہ بات جمعہ 17 اکتوبر کو پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا، ''پنجاب کی صوبائی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگا دینے کی منظوری دے دی ہے اور پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں ایک سمری باضابطہ طور پر اب وفاق پاکستان کو بھجوا دی ہے۔ یوں اس پابندی کے حوالے سے صوبائی سطح پر پنجاب حکومت نے قانونی تقاضا پورا کر دیا ہے۔‘‘

کیا ٹی ایل پی کریک ڈاؤن حکومتی پالیسی میں تبدیلی کی علامت ہے؟

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا آج کا یہ بیان اس پیش رفت کے صرف ایک دن بعد دیا گیا ہے، جس میں پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ وفاق پاکستان سے کہے گی کہ تحریک لبیک پاکستان کو قانوناﹰ ممنوع قرار دے دیا جائے۔

مریدکے میں ٹی ایل پی کی ریلی کے دوران بدامنی اور توڑ پھوڑ: کئی جلی ہوئی گاڑیاں
مریدکے میں ٹی ایل پی کی ریلی کے دوران بدامنی اور توڑ پھوڑ: کئی جلی ہوئی گاڑیاںتصویر: Arif Ali/AFP

ٹی ایل پی کی طرف سے حال ہی میں غزہ پٹی کے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیےایک احتجاجی مارچ بھی کیا گیا تھا، جس دوران مارچ کے شرکاء لاہور سے اسلام آباد جانا چاہتے تھے۔

اس مارچ میں شامل ٹی ایل پی کے کارکنوں اور اس تحریک کی قیادت کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے مضافات میں مریدکے کے مقام پر روک لیا تھا۔

ٹی ایل پی کالعدم تنظيموں کی فہرست سے خارج: کیا دوسری تنظیموں سے بات چیت نہیں ہونی چاہیے؟

پھر پیر 13 اکتوبر کو طلوع آفتاب سے قبل سکیورٹی اہلکاروں نے مارچ کے شرکاء کے خلاف ایک آپریشن بھی شروع کر دیا تھا، جس دوران بدامنی، توڑ پھوڑ اور خونریزی کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ اس بدامنی کے دوران انسانی ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

پولیس آپریشن کے دوران بچنے کی کوشش میں بھاگتے ہوئے تحریک لبیک کے پیدل اور موٹر سائیکلوں پر سوار مظاہرین
پولیس آپریشن کے دوران بچنے کی کوشش میں بھاگتے ہوئے تحریک لبیک کے پیدل اور موٹر سائیکلوں پر سوار مظاہرینتصویر: Arif Ali/AFP

تحریک لبیک سے معاہدے پر پاکستان میں تنقید کا طوفان

مریدکے میں پیش آنے والے واقعات کے بعد پولیس نے ٹی ایل پی کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کر لیے تھے۔

ادارت: کشور مصطفیٰ، عدنان اسحاق

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔