1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتپاکستان

پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں ’قابل ذکر پیش رفت،‘ آئی ایم ایف

مقبول ملک روئٹرز کے ساتھ
12 مارچ 2026

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین اسلام آباد کے لیے بیل آؤٹ پروگرام کے جائزے سے متعلق مذاکرات میں ’قابل ذکر پیش رفت‘ ہوئی ہے۔ تاہم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ فریقین کے مابین سٹاف لیول معاہدہ ابھی طے نہیں پایا۔

https://p.dw.com/p/5AHDL
پاکستانی شہر کراچی میں ایک پٹرول پمپ سے پٹرول خریدنے والے موٹر سائیکل سوار شہری
ایران جنگ کی وجہ سے پاکستان کو اپنے ہاں حال ہی میں پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمتوں میں واضح اضافہ کرنا پڑاتصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

پاکستان کو اپنی معیشت کے حوالے سے کافی عرصے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ جنگ کی وجہ سے مزید اضافہ ہو چکا ہے۔

اس پس منظر میں پاکستانی حکام اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے نمائندوں کے مابین بدھ 11 مارچ کو جو مذاکرات ہوئے، ان کا مقصد اس ادارے کے اسلام آبا دکے لیے بیل آؤٹ پروگرام کے تازہ ترین جائزے میں اب تک ہونے والی ترقی کا جائزہ لینا تھا۔

آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ بجلی کے ٹیرف میں ترامیم پر بات چیت

آئی ایم ایف کی طرف سے اس بات چیت کے بعد کہا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں 'قابل ذکر‘ پیش رفت تو ہوئی ہے، تاہم دونوں فریق تاحال کسی سٹاف لیول معاہدے تک نہیں پہنچے۔

اس مکالمت میں اس حوالے سے بھی مشاورت کی گئی کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے ساتھ شروع ہونے والی مشرق وسطیٰ کی موجودہ جنگ کے پاکستانی معیشت پر اثرات کتنے شدید ہو سکتے ہیں۔

بدعنوانی نے پاکستان کی ترقی کا گلا گھونٹ دیا ہے، آئی ایم ایف

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا لوگو
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا لوگوتصویر: Maksym Yemelyanov/Zoonar/picture alliance

مشاورت آئندہ دنوں میں جاری رہے گی

ان مذاکرات کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مشن چیف ایوا پیٹرووا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں قابل ذکر پیش رفت تو ہوئی ہے، تاہم اس سلسلے میں مشاورت آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی۔‘‘

ایوا پیٹرووا نے مشن کے اختتام پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا، ''آئی ایم ایف کی ٹیم اور پاکستانی حکام آئندہ دنوں میں اپنی بات چیت اس لیے جاری رکھیں گے کہ (بیل آؤٹ پروگرام پر عمل درآمد سے متعلق) جائزوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔‘‘

پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کامیاب بولی 135 بلین روپے

پاکستان سے ملنے والی رپورٹوں میں ملکی حکومت کی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں جن امور پر خاص طور پر توجہ مرکوز رکھی گئی، ان میں مشرق وسطیٰ کے موجودہ تنازعے کے پاکستان میں توانائی کی قیمتوں پر اثرات، پاکستان کی طرف سے ادائیگیوں کا توازن اور بیرونی مالیاتی ضروریات نمایاں تھے، بالخصوص اس پہلو سے کہ یہ ملک اپنی ضرورت کا زیادہ تر ایندھن درآمد کرتا ہے۔

پاکستان میں سيلابوں سے ہلاکتیں: آئی ايم ايف کا اظہار افسوس

تہران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران رات کے وقت لگنے والی آگ اور فضا میں اٹھتا ہوا دھواں: ایران جنگ کے پاکستانی معیشت پر اثرات سے بچنا تقریباﹰ ناممکن ہے
تہران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران رات کے وقت لگنے والی آگ اور فضا میں اٹھتا ہوا دھواں: ایران جنگ کے پاکستانی معیشت پر اثرات سے بچنا تقریباﹰ ناممکن ہےتصویر: Berno/SIPA/picture alliance

بیل آؤٹ پروگرام اور توسیعی فنڈ کی سہولت

آئی ایم ایف کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے مالیاتی پروگرام میں سات بلین ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت یا EFF پرعمل درآمد گزشتہ ماہ کے آخر تک زیادہ تر پاکستان کی طرف سے کیے گئے وعدوں کے مطابق ہی رہا۔

ساتھ ہی آئی ایم ایف کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن شعبوں پر زیادہ تر توجہ مرکوز رہی، ان میں مالیاتی استحکام، سخت مالیاتی پالیسی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات نمایاں ہیں۔

آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر قرض کی منظوری

پاکستانی حکومت کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اس بات چیت کے دو بڑے مقاصد 37 ماہ کے عرصے پر محیط توسیعی فنڈ سہولت کا تیسرا جائزہ اور 28 ماہ پر محیط Resilience and Sustainability Facility کا دوسرا جائزہ لینا تھے۔

ادارت: جاوید اختر

گندم اگانے والے پاکستانی کسانوں کی بدحالی

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔