1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتبھارت

بھارت: اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، سات افراد ہلاک

15 جون 2025

شمالی بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں اتوار کی صبح ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں پائلٹ سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ ہیلی کاپٹر ہندوؤں کے مقدس مقام شری کیدارناتھ سے گپت کاشی کی طرف جا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/4vwhO
Indien | Absturz Helikopter in Coonoor
تصویر: Bangalore New Photos/AP Photo/picture alliance

ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ایکس پر لکھا ہے، ''رودرپریاگ ضلع میں ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ 

حکام کے مطابق آریان ایوی ایشن کا یہ ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق صبح 5:20 بجے کیدارناتھ سے اڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد گوری کنڈ کے جنگل میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے بعد ملبے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔

اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور تحقیقات کے لیے ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ 

بھارتی میگزین دی ویک کی رپورٹ کے مطابق مقامی چرواہوں نے حادثے کی جگہ پر آگ دیکھ کر حکام کو اطلاع دی۔ ابتدائی قیاس ہے کہ خراب موسم حادثے کی وجہ ہو سکتا ہے۔ 

ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی تباہی، امدادی کارروائیاں جاری

اتراکھنڈ میں فضائی سفر

اتراکھنڈ اپنی سرسبز وادیوں اور ہندوؤں کے مقدس مقامات کی وجہ سے مشہور ہے۔ کیدارناتھ مندر گرمیوں میں زائرین سے بھر جاتا ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں نجی کمپنیوں کی طرف سے ہیلی کاپٹر خدمات کی فراہمی ایک اہم کاروبار ہے۔ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر آریان ایوی ایشن کا تھا۔ 

حالیہ فضائی حادثات

یہ اتراکھنڈ میں رواں سال کا پانچواں فضائی حادثہ ہے۔ آٹھ مئی کو گنگوتری دھام جاتے ہوئے ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔ سات جون کو ایک اور ہیلی کاپٹر کو تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ رواں ہفتے ایئر انڈیا کی پرواز AI171 احمد آباد میں ایک میڈیکل کالج ہاسٹل سے ٹکرا کر تباہ ہوئی، جس میں 270 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ 

اطلاعات کے مطابق ایئر کرافٹ ایکسڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو اس حادثے کی تحقیقات کرے گا جبکہ وزیر اعلیٰ دھامی نے ایوی ایشن آپریٹرز کے لیے سخت معیاری طریقہ کار (SOPs) نافذ کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

نیوز ایجنسیوں کے ساتھ رابعہ بگٹی

ادارت: امتیاز احمد

 

 

نیوز ایجنسیاں اس رپورٹ کا زیادہ تر مواد مختلف نیوز ایجنسیوں سے حاصل کیا گیا ہے۔