میکسیکو میں ڈرگ لارڈ ’ایل مینچو‘ کی ہلاکت پر انتقامی حملے
وقت اشاعت 23 فروری 2026آخری اپ ڈیٹ 23 فروری 2026
آپ کو یہ جاننا چاہیے
- میکسیکو میں ڈرگ لارڈ ’ایل مینچو‘ کی ہلاکت پر انتقامی حملوں میں کم از کم 25 فوجی ہلاک
- یو این کمشنر کی آمر حکمرانوں اور آئی ٹی ارب پتیوں کے بڑھتے اثر و رسوخ کے خلاف وارننگ
- صدر ٹرمپ کا امریکی سپریم کورٹ پر نیا حملہ
- شمالی کوریا میں کم جونگ اُن پھر ایک بار حکمران ورکرز پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب
- نیدرلینڈز کے کم عمر ترین وزیر اعظم روب ژیٹن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
- بھارت کی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑ دینے کی ہدایت
- میکسیکو کا بدنام زمانہ ڈرگ لارڈ ’ایل مینچو‘ مارا گیا
- نیپال میں بس حادثے میں برطانوی سیاح سمیت 19 افراد ہلاک
- بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پانچ دہشت گرد مارے گئے
میکسیکو میں ڈرگ لارڈ ’ایل مینچو‘ کی ہلاکت پر انتقامی حملوں میں کم از کم 25 فوجی ہلاک
اوسیگیرا میکسیکو کا سب سے زیادہ مطلوب ڈرگ لارڈ اور طاقت ور ہالسکو نیو جنریشن کارٹل (سی جے این جی) کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق ریاست خالسکو کے قصبے ٹاپالپا میں میکسیکن اسپیشل فورسز کی ایک مسلح کارروائی کے دوران زخمی ہونے کے بعد وہ دوران حراست دم توڑ گیا۔
میکسیکو کے وزیر دفاع ریکارڈو تروییا نے پیر کے روز کہا کہ اوسیگیرا کی ایک ’دوست‘ کے ذریعے ملنے والی معلومات اس کی گرفتاری میں معاون ثابت ہوئیں۔ امریکہ نے اس کی گرفتاری سے متعلق معلومات دینے پر 15 ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔
اس ڈرگ لارڈ کی موت کے بعد پورے میکسیکو میں تشدد کی لہر دوڑ گئی، جہاں کارٹل کارندوں نے سڑکیں بند کیں، گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور جوابی حملے کیے۔
ہارفوچ نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’ایل مینچو‘ کی ہلاکت کے بعد ’’خالسکو میں حکام کے خلاف 27 بزدلانہ حملے‘‘ کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 30 کارٹل کارندے بھی مارے گئے جبکہ ایک راہگیر بھی جان کی بازی ہار گیا۔ ملک کی سات وفاقی ریاستوں میں کم از کم 70 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم کارٹل کے اندر کسی بھی ممکنہ ردعمل یا تنظیم نو کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں، جو تشدد کا باعث بن سکتی ہے۔‘‘
ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے بین الاقوامی آپریشنز کے ایک سابق سربراہ، مائیک ویجل نے کہا کہ میکسیکو نے ’’ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ایک مضبوط پیغام بھیجا ہے کہ وہ طاقتور ترین کارٹلز کے خلاف جارحانہ اور مؤثر انداز میں لڑ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’اگر میکسیکو اور امریکہ مل کر کام کریں، تو یہ دونوں ممالک کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔‘‘
سکیورٹی تجزیہ کار ڈیوڈ ساؤسیدو نے کہا کہ اگر ’ایل مینچو‘ کے رشتہ دار کارٹل کا کنٹرول سنبھال لیتے ہیں، تو تشدد کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اگر کوئی اور اقتدار سنبھالتا ہے، تو وہ نیا باب کھولنے اور کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے زیادہ آمادہ ہو سکتا ہے۔
’’سب سے بڑا خدشہ یہ ہو گا کہ کارٹل اندھا دھند تشدد کا راستہ اختیار کر لے۔ وہ نارکو دہشت گردی کے حملے شروع کرنے اور ایسا منظر نامہ پیدا کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں جیسا کہ کولمبیا نے 1990 کی دہائی میں دیکھا تھا، یعنی حکومت کے خلاف مکمل جنگ، کار بم دھماکے، ٹارگٹ کلنگ اور طیاروں پر حملے بھی۔‘‘
یو این کمشنر کی آمر حکمرانوں اور آئی ٹی ارب پتیوں کے بڑھتے اثر و رسوخ کے خلاف وارننگ
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق فولکر ترک نے بعض سیاست دانوں اور آئی ٹی کاروباری شخصیات کی اقتدار کی خواہشات کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر متحرک ہونے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے پیر کے روز جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک اجلاس کے آغاز پر کہا، ’’جب ہم متحد ہوتے ہیں، تو ہم کسی بھی آمر یا ٹیکنالوجی کے ارب پتی سے زیادہ طاقت رکھتے ہیں۔‘‘
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر انالینا بیئربوک نے بھی اس حوالے سے منفی پیش رفت کے خلاف خبردار کیا ہے۔
فولکر ترک نے ایسے سیاست دانوں پر تنقید کی، جو قوانین اور بنیادی بین الاقوامی اصولوں کی پابندی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مقاصد ہر قیمت پر حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مثلاً غلط معلومات پھیلا کر یا معاشی طاقت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے۔
انہوں نے بغیر نام لیے مزید کہا، ’’ٹیکنالوجی کے شعبے کے چند بڑے کاروباری افراد کا ایک محدود گروہ عالمی معلوماتی بہاؤ کے غیر متناسب حد تک بڑے حصے پر قابض ہے، جو عوامی مباحثوں، منڈیوں حتیٰ کہ حکمرانی کے نظام کو بھی مسخ کر رہا ہے۔‘‘
انٹونیو گوٹیرش کے مطابق دنیا بھر میں انسانی حقوق شدید حملوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ سب کچھ سب کے سامنے ہو رہا ہے اور اکثر ان لوگوں کی قیادت میں، جو سب سے زیادہ طاقت رکھتے ہیں۔‘‘
جرمنی کی سابق وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے انسانی حقوق کی کونسل کے اراکین کو ان کی ذمہ داری یاد دلائی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم ایسے تماشائی نہیں بن سکتے، جو ناانصافی کو پھیلتے ہوئے کنارے پر کھڑے ہو کر خاموشی سے سب کچھ دیکھتے رہیں۔‘‘
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا اجلاس مارچ کے اختتام تک جاری رہے گا۔ 47 رکن ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ یہ کونسل قراردادوں کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کی مذمت تو کر سکتی ہے، تاہم اس کے پاس پابندیاں عائد کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ کا امریکی سپریم کورٹ پر نیا حملہ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز امریکی سپریم کورٹ کی ایک بار پھر مذمت کی۔ عدالت نے گزشتہ ہفتے ان کے وسیع تر ٹیرفس پروگرام کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے یہ عزم ظاہر کیا کہ وہ دیگر ٹیرف اختیارات اور لائسنسوں کا سہارا لیں گے، تاہم انہوں نے اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
امریکی صدر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، ’’عدالت نے دیگر تمام ٹیرفس کی بھی منظوری دی ہے، جن کی تعداد بہت زیادہ ہے، اور انہیں ابتدائی طور پر استعمال کیے گئے ٹیرفس کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور اور سخت انداز میں، قانونی یقین دہانی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ وہ تمام ممالک سے امریکہ میں درآمدات پر عائد عارضی ٹیرفس کو 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیں گے، جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے۔ یہ اعلان اس فیصلے کے ایک دن بعد آیا، جس میں اعلیٰ ترین امریکی عدالت نے کہا تھا کہ ٹرمپ نے ایک ہنگامی معاشی قانون کے تحت بلند شرح کے متعدد ٹیرفس نافذ کرتے ہوئے اپنے صدارتی اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک بار پھر ان ججوں پر تنقید کی، جنہوں نے ان کے خلاف فیصلہ دیا، جن میں دو ایسے جج بھی شامل تھے جنہیں انہوں نے اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران خود ہی نامزد کیا تھا۔
امریکی تجارتی پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث پیر کی صبح وال اسٹریٹ فیوچرز اور ڈالر کی قدر میں کمی آئی، جبکہ تیل کی قیمتیں ابتدائی طور پر گر گئیں، تاہم بعد ازاں امریکہ اور ایران کے مجوزہ مذاکرات کی خبر کے بعد دوبارہ کچھ استحکام آ گیا۔
شمالی کوریا میں کم جونگ اُن پھر ایک بار حکمران ورکرز پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کو ایک بار پھر حکمران ورکرز پارٹی میں سیکرٹری جنرل کے اعلیٰ ترین عہدے پر منتخب کر لیا گیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز پارٹی اجلاس کے چوتھے دن ہزاروں مندوبین کے ’’غیر متزلزل عزم اور متفقہ خواہش‘‘ سے کم جونگ اُن کو دوبارہ پارٹی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔
پارٹی قواعد کے تحت 2016 سے ہر پانچ سال بعد منعقد ہونے والی یہ کانگریس سیکرٹری جنرل کا انتخاب کرتی ہے، جو پارٹی کا اعلیٰ ترین نمائندہ اور رہنما ہوتا ہے۔ 42 سالہ کم اپنے اقتدار کے دوران مسلسل پارٹی کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز رہے ہیں، اگرچہ 2016 میں ان کا عہدہ فرسٹ سیکرٹری سے چیئرمین اور پھر 2021 میں سیکرٹری جنرل کر دیا گیا تھا۔
پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جوہری قوت کو مضبوط بنا کر کم نے ایسی فوج تیار کی ہے جو ’’ہر قسم کی جارحیت کے خطرے‘‘ اور ’’کسی بھی نوعیت کی جنگ‘‘ سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس بیان میں ان کی قیادت کو ملک کے مستقبل کی ’’قابل اعتماد ضمانت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے شمالی کوریائی عوام کے ’’فخر اور خود اعتمادی‘‘ میں اضافہ ہوا ہے۔
اس پارٹی بیان میں کم جونگ اُن کی حالیہ خارجہ پالیسی کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ اس سے قومی وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کم جونگ اُن کو ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارک باد دی ہے۔
نیدرلینڈز کے کم عمر ترین وزیر اعظم روب ژیٹن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
نیدرلینڈز میں ایک نئی اقلیتی مخلوط حکومت نے پیر 23 فروری کے روز حلف اٹھا لیا۔ اس حکومت کی قیادت ملکی تاریخ کے کم عمر ترین وزیر اعظم، 38 سالہ روب ژیٹن کر رہے ہیں۔
روب ژیٹن تین جماعتی مخلوط حکومت کے سربراہ ہیں، جس میں ان کی مرکز پسند جماعت ڈی 66، دائیں بازو کے اعتدال پسند کرسچن ڈیموکریٹس اور پیپلز پارٹی فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں ژیٹن، جو نیدرلینڈز کے پہلے اعلانیہ ہم جنس پسند وزیر اعظم ہیں، نے کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر کام شروع کرنا ان کے لیے ’’بہت بڑا اعزاز‘‘ ہے۔
ان تینوں جماعتوں کے پاس ڈچ ایوان زیریں کی کل 150 نشستوں میں سے صرف 66 سیٹیں ہیں، لہٰذا ژیٹن کے لیے اپنی حکومت کی طرف سے ہر قانون سازی کے لیے اپوزیشن ارکان سے مذاکرات کر کے ان کی حمایت حاصل کرنا لازمی ہو گا۔ سب سے بڑا اپوزیشن اتحاد، گرین لیفٹ اور لیبر پارٹی کا حالیہ انضمام شدہ بلاک، پہلے ہی اشارہ دے چکا ہے کہ وہ ژیٹن کے بعض منصوبوں میں تبدیلیوں پر زور دے گا۔
قومی انتخابات کے 117 دن بعد اس نئی حکومت نے حلف اٹھایا، جن میں ژیٹن کی جماعت نے اسلام مخالف رکن پارلیمان گیئرٹ وِلڈرز کی قیادت میں پارٹی فار فریڈم کو معمولی فرق سے شکست دی تھی۔ سیاسی طور پر منقسم نیدرلینڈز میں 2017 کے بعد سے چوتھے قومی انتخابات کے بعد حتمی نتیجہ ڈاک کے ذریعے موصول ہونے والے ووٹوں کی گنتی کے بعد سامنے آیا۔
ژیٹن کی نئی حکومت نے یوکرین پر روس کے حملے کے چار سال مکمل ہونے سے ایک دن قبل اقتدار سنبھالا۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ روسی یوکرینی جنگ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی افواج کے خلاف برسر پیکار کییف کی مضبوط حمایت جاری رکھیں گے۔
بھارت کی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑ دینے کی ہدایت
امریکہ کی جانب سے تہران پر ممکنہ حملے کے خدشات کے پیش نظر بھارتی وزارت خارجہ نے پیر کے روز بھارتی شہریوں کو ایران چھوڑ دینے کی ہدایت کر دی۔
تہران میں بھارتی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ’’ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وہاں موجود بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تمام دستیاب ذرائع آمد و رفت بشمول تجارتی پروازوں کے ذریعے ایران چھوڑ دیں۔‘‘
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق عام طور پر ایران میں تقریباً 10,000 بھارتی شہری موجود ہوتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا، ’’تمام بھارتی شہریوں اور پی آئی اوز (بھارتی نژاد افراد) کو چاہیے کہ وہ مکمل احتیاط برتیں، احتجاج یا مظاہروں والے علاقوں سے دور رہیں، ایران میں بھارتی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی پیش رفت کے لیے مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔‘‘
یہ انتباہ آئندہ بدھ کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرائیل کے طے شدہ دورے سے قبل سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے اتوار کے روز کہا کہ مودی کا دورہ ان کے بقول ’انتہاپسند‘ مخالفین کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک نئے اتحاد کی تشکیل میں مددگار ثابت ہو گا۔
مودی نے 2017 میں وزیر اعظم کی حیثیت سے اسرائیل کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد اگلے سال اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی بھارت کا جوابی دورہ کیا تھا۔
نریندر مودی نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر لکھا، ’’بھارت اسرائیل کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جو باہمی اعتماد، جدت اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔‘‘
نئی دہلی نے دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور سکیورٹی کے شعبوں میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کو مسلسل وسعت دی ہے۔
میکسیکو کا بدنام زمانہ ڈرگ لارڈ ’ایل مینچو‘ مارا گیا
میکسیکو کے بدنام ترین منشیات فروشوں میں سے ایک، نیمیسیو اوسیگیرا عرف ’ایل مینچو‘ اتوار کو ایک فوجی کارروائی کے دوران مارا گیا۔ اس واقعے کے بعد ملک میں بڑے پیمانے پر پرتشدد انتقامی کارروائیاں شروع ہو گئیں۔
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق طاقتور ہالسکو نیو جنریشن کارٹل (سی جے این جی) کا ماسٹر مائنڈ، 59 سالہ اوسیگیرا ریاست ہالسکو میں میکسیکو کے بحرالکاہل کے ساحل پر واقع قصبے ٹاپالپا میں ملکی اسپیشل فورسز کے ایک مسلح آپریشن میں زخمی ہونے کے بعد دوران حراست دم توڑ گیا۔
امریکہ نے ’ایل مینچو‘ کے سر کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر مقرر کر رکھی تھی۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم پر واشنگٹن کی جانب سے منشیات کے کارٹلز کے خلاف ریاستی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے مسلسل دباؤ تھا، جن پر سرحد پار امریکہ میں منشیات، خاص طور پر مصنوعی فینٹانائل تیار اور اسمگل کرنے کا الزام ہے۔
اوسیگیرا کو ان منشیات فروش سرغنوں کے سلسلے کی آخری کڑی سمجھا جاتا تھا، جو قید میں موجود خوآکن ’ایل چاپو‘ گوزمان اور اسماعیل ’ایل مایو‘ زمباڈا کی طرح نمایاں اور بے رحم انداز میں کارروائیاں کرتے تھے۔
اوسیگیرا مغربی میکسیکو کی ریاست میچوآکان کے قصبے اگویلیا میں پیدا ہوا، جہاں اس کے بچپن میں غیر قانونی منشیات کی کاشت عام تھی۔ نوجوانی میں وہ امریکہ جا کر وہاں مقیم ہو گیا تھا، جہاں اسے ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار اور قید اور پھر بعد ازاں ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ میکسیکو واپس آنے پر وہ میلینیو جرائم پیشہ کارٹل میں شامل ہو گیا تھا۔
’ایل مینچو‘ کی موت کی خبروں کے بعد اس کے ڈرگ کارٹل کے کارکنوں نے گاڑیوں کو آگ لگا کر شاہراہیں بند کر دیں اور نصف درجن سے زائد ملکی ریاستوں میں کاروباری مراکز کو آگ لگا دی، جس سے ملک کے کئی حصے مفلوج ہو کر رہ گئے۔ تاہم اس بدامنی میں کسی شہری ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
نیپال میں بس حادثے میں برطانوی سیاح سمیت 19 افراد ہلاک
نیپال میں ایک بس ایک پہاڑی سڑک سے پھسل کر برفانی دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک برطانوی سیاح بھی شامل ہے۔
پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ یہ بس سیاحتی شہر پوکھرا سے دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھی کہ پیر کی صبح سویرے ضلع دھادنگ میں 655 فٹ سے زیادہ گہرائی میں دریائے ترشولی میں جا گری۔
مقامی سینئر پولیس اہلکار پرکاش دہل نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’کل 44 افراد میں سے 19 ہلاک ہو گئے جبکہ 25 زیر علاج ہیں۔‘‘ انہوں نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے۔
دہل کے مطابق ایک چینی شہری کے علاوہ نیوزی لینڈ کا ایک باشندہ بھی زخمی ہوا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کے اطلاعاتی افسر موہن پرساد نیوپانے نے کہا کہ امدادی کارروائی علی الصبح ہی مکمل کر لی گئی تھی اور زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
جولائی 2024 میں بھی 50 سے زائد افراد کو لے جانے والی دو بسیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اسی دریا میں بہہ گئی تھیں۔
اس ہمالیائی ریاست میں خراب سڑکوں، ناقص دیکھ بھال والی گاڑیوں اور ڈرائیونگ میں بے احتیاطی کے باعث مہلک ٹریفک حادثات نسبتاً عام ہیں۔
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پانچ دہشت گرد مارے گئے
پاکستان میں سکیورٹی فورسز نے اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی ایک سازش ناکام بن دی۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق فوج کے شعبے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ارکان پولیس لائنز اور کیڈٹ کالج پشین پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ملزمان کیڈٹ کالج کے قریب ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے اور حملوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے وہاں کارروائی شروع کر دی۔
آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو ایک باردوی جیکٹ کے دھماکے سے اڑا دیا جبکہ چار دیگر کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مکان کی تلاشی کے دوران جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، دستی بم اور ضلع پشین کے حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔
پاکستان میں سکیورٹی فورسز نے اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی ایک سازش ناکام بن دی۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق فوج کے شعبے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ارکان پولیس لائنز اور کیڈٹ کالج پشین پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ملزمان کیڈٹ کالج کے قریب ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے اور حملوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے وہاں کارروائی شروع کر دی۔
آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو ایک باردوی جیکٹ کے دھماکے سے اڑا دیا جبکہ چار دیگر کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مکان کی تلاشی کے دوران جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، دستی بم اور ضلع پشین کے حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد ماضی میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث رہے تھے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی کوئٹہ اور بارکھان میں الگ الگ مسلح کارروائیوں میں کم از کم چودہ عسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے تھے۔
ادارت: مقبول ملک
سکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی کوئٹہ اور بارکھان میں الگ الگ مسلح کارروائیوں میں کم از کم چودہ عسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے تھے۔
ادارت: مقبول ملک